• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کے تیل پر قبضے کے منصوبے پر غور کر رہا ہوں، ٹرمپ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے تیل پر قبضہ کرنے کے منصوبے پر غور کر رہا ہوں، آپ ایران میں پل اور پاور پلانٹس تباہ ہوتے دیکھیں گے۔

امریکی میڈیا سے ٹیلیفونک گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران جلد معاہدہ نہیں کرتا تو میں سب کچھ تباہ کرنے اور تیل پر قبضہ کرنے پر غور کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آپ ایران بھر میں پل اور پاور پلانٹس تباہ ہوتے دیکھیں گے۔

امریکی صدر نے اعتراف کیا کہ امریکا نے رواں برس ایرانی مظاہرین کےلیے کردوں کے ذریعے اسلحہ بھیجا تھا، میرا خیال ہے کہ وہ گنیں کردوں نے خود رکھ لیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایران کےکچھ عہدیدار بات چیت کر رہے ہیں، بہت حد تک امکان ہے کہ پیر تک معاہدہ ہوجائے۔

اس سے قبل ایک بیان میں ٹرمپ نے ایرانی پہاڑوں سے شدید زخمی حالت میں ایف 15 طیارے کے افسر کو بچانے کا اعلان کیا اور کہا ایرانی فوج افسرکو تلاش کر رہی تھی اور بہت قریب پہنچ گئی تھی، بچائے گئے افسر ایک نہایت معزز کرنل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایرانی پہاڑوں کی گہرائی سے شدید زخمی اور بہادر ایف- 15 کے افسر کو بچا لیا ہے، ایسا مشن خطرے کے باعث شاذ و نادر ہی کیا جاتا ہے۔

امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ ایسے مشن میں افراد اور ساز و سامان دونوں کو شدید خطرہ ہوتا ہے، ایسا کبھی کیا ہی نہیں جاتا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ دوسرا آپریشن پہلے کے بعد کیا گیا، جس میں امریکی پائلٹ کو دن کی روشنی میں بچایا، ہم نے ایران کے اوپر 7 گھنٹے گزارے یہ بھی غیرمعمولی بات ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید