نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے آج جاپان کے وزیر خارجہ توشی متسو موٹیگی نے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ اس موقع پر مشرقِ وسطیٰ اور وسیع تر خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر تناؤ میں کمی اور حالات کو مزید بگڑنے سے روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔
گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشیدگی کے خاتمے، پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے ہر ممکن سفارتی اور سیاسی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
جاپانی وزیر خارجہ توشی متسو موٹیگی نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کو فروغ دینے میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور اس کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
ٹیلیفونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ خطے کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں باہمی رابطے کو مزید قریبی رکھا جائے گا تاکہ امن، استحکام اور سفارتی تعاون کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہ سکیں۔
یہ رابطہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے اور مختلف ممالک سفارتی ذرائع سے صورتحال کو معمول پر لانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔