وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اسلام آباد مذاکرات کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔
اپنے بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین، سعودی عرب، ترکیہ، مصر اور قطر جیسے برادر ممالک کا دلی، مخلصانہ شکریہ ادا کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ چین، سعودی عرب، ترکیہ، مصر، قطر نے جنگ بندی، پرامن سفارتی کوششوں، حتمی حل کی طرف لے جانے کی بھرپور حمایت کی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ خلیجی تعاون کونسل کے برادر ممالک کا بھی تہہ دل سے مشکور ہوں، مسلسل حمایت، خطے میں امن و استحکام کے لیے وابستگی ہماری کوششوں کے لیے اہم ہے، ہمارے تمام برادر ممالک کی قیادت نے امن کو موقع دینے کےلیے بصیرت، دانشمندی اور تحمل کا مظاہرہ کیا، امریکی قیادت نے بھی امن کو ایک موقع دینے کے لیے دانشمندی، تحمل کا مظاہرہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئیے ہم سب مل کر خطے، اس سے آگے پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے کی جانے والی 2 ہفتے کی جنگ بندی کی درخواست کو قبول کر لیا ہے، جس کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں جمعے کو مذاکرات کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکا ایران مذاکرات دونوں ملکوں کے وفود کی سطح پر اسلام آباد میں ہوں گے، مذاکرات میں امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس اور صدر ٹرمپ کے خصوصی مندوب اسٹیو وٹکوف جبکہ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف اور وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کی شرکت کا امکان ہے۔