• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رات میں زمین کی روشنی بڑھ رہی ہے: سیٹلائٹ ڈیٹا کا حیران کن انکشاف

---تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

نئی تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں رات کے وقت زمین کی روشنی میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کی بنیادی وجہ مصنوعی روشنی ہے، تاہم یہ اضافہ ہر خطے میں یکساں نہیں ہے۔

تحقیق میں سب صحارن افریقا اور جنوب مشرقی ایشیاء میں روشنی میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ یورپ میں توانائی کی بچت اور  آلودگی کے خدشات کے باعث روشنی میں کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔

تحقیق کے دوران 2014ء سے 2022ء تک رات کی روشنی میں مجموعی طور پر تقریباً 16 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

 ماہرین نے بتایا کہ یہ اضافہ یکساں نہیں بلکہ مختلف علاقوں میں بڑھتی اور گھٹتی روشنی کا مجموعہ ہے، جس میں امریکا سب سے زیادہ روشن ملک رہا، اس کے بعد چین، بھارت، کینیڈا اور برازیل ہیں۔

تحقیق کے مطابق روشنی میں اضافہ زیادہ تر شہری ترقی، انفرااسٹرکچر کی توسیع اور دیہی علاقوں میں بجلی کی فراہمی کے باعث ہوا۔

ماہرین نے کہا ہے کہ زمین کی رات کی روشنی غیر مستحکم ہے اور اس کا پھیلاؤ، سکڑاؤ اور بدلاؤ مسلسل جاری ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ تبدیلیاں معاشرتی ترقی، توانائی کی رسائی اور بحرانوں کی عکاسی کرتی ہیں۔

یورپ میں رات کی روشنی میں 4 فیصد کمی ہوئی، جس کی وجہ پرانی غیر مؤثر لائٹس کی جگہ مؤثر ایل ای ڈی سسٹمز اور تاریک آسمان کے تحفظ کے اقدامات ہیں، جبکہ فرانس کو اس میدان میں دنیا کی قیادت حاصل ہے۔

دوسری طرف، لبنان، یوکرین، یمن، افغانستان، ہیٹی اور وینزویلا جیسے ممالک میں جنگ، اقتصادی بحران اور انفرااسٹرکچر کی ناکامی کے باعث روشنی میں شدید کمی دیکھنے میں آئی۔

یہ تحقیق امریکی حکومت کے ایک زمین مشاہدہ کرنے والے سیٹلائٹ کی روزانہ کی 1 ملین سے زائد تصاویر اور ناسا کے پروسیسنگ ڈیٹا پر مبنی ہے، جو پہلے ہونے والی مطالعات کے مقابلے میں زیادہ مفصل اور درست معلومات فراہم کرتی ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید
سائنس و ٹیکنالوجی سے مزید