• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیل و گیس کی قیمتوں میں کمی میں مہینے لگ سکتے ہیں: ماہرین کی وارننگ

---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان نازک جنگ بندی کے باوجود تیل اور گیس کی قیمتوں کو معمول پر آنے میں ابھی کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔

حالیہ کشیدگی کے دوران ایران نے آبنائے ہرمز کو جزوی طور پر بند کر دیا تھا، اس رکاوٹ کے باعث عالمی منڈی میں شدید بحران پیدا ہوا اور قیمتیں تیزی سے بڑھ گئیں۔

عرب میڈیا کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے باوجود جب تک اس اہم سمندری راستے سے جہازوں کی آمد و رفت مکمل طور پر بحال اور مستحکم نہیں ہوتی، قیمتوں میں کمی ممکن نہیں۔

واضح رہے کہ جنگ سے قبل آبنائے ہرمز سے روزانہ تقریباً 120 سے 140 جہاز گزرتے تھے مگر حالیہ دنوں میں یہ تعداد کم ہو کر صرف چند جہاز رہ گئی ہے۔

توانائی کے شعبے سے منسلک ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ عالمی تیل مارکیٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا بحران ہے، تیل کی ترسیل میں رکاوٹ، انفرااسٹرکچر پر حملے اور بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خدشات نے صورتِ حال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

ایل این جی اور دیگر توانائی ذرائع کی بحالی میں بھی 3 سے 6 ماہ لگ سکتے ہیں جبکہ کچھ ممالک نے ذخیرہ کرنے کی کمی کے باعث تیل کی پیداوار بھی عارضی طور پر بند کر دی ہے جس سے سپلائی مزید متاثر ہوئی ہے۔

ادھر عالمی مالیاتی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ اس بحران کے باعث عالمی معیشت کی شرحِ نمو کم ہو سکتی ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ بتایا گیا ہے کہ اگرچہ جنگ بندی ہو چکی ہے لیکن خطے میں غیر یقینی صورتِ حال اور رسد کے خطرات کی وجہ سے تیل کی قیمتیں فوری طور پر کم ہونے کا امکان نہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید