• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسیقی کی دنیا کا ایک سنہری باب ختم، آشا بھوسلے کی زندگی پر ایک نظر

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

آشا بھوسلے کو بھارتی موسیقی کی تاریخ کی سب سے مقبول اور بااثر آوازوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

آشا بھوسلے 8 ستمبر 1933ء کو بھارت کے شہر سنگلی میں پیدا ہوئیں، وہ مشہور گلوکارہ لتا منگیشکر کی چھوٹی بہن تھیں اور بچپن ہی سے موسیقی کے ماحول میں پروان چڑھیں، انہوں نے کم عمری میں ہی فلمی گیت گانا شروع کر دیے اور دیکھتے ہی دیکھتے اپنی ایک الگ شناخت قائم کر لی۔

آشا بھوسلے نے اپنے فنی سفر کا آغاز 1943ء میں محض 10 سال کی عمر میں کیا، جبکہ انہیں کلاسیکی موسیقی کی تربیت ان کے والد دینا ناتھ منگیشکر نے دی۔

انہوں نے 1950ء کی دہائی میں شہرت حاصل کی اور بالآخر دنیا کی معروف ترین پلے بیک گلوکاراؤں میں شمار ہونے لگیں، ان کی آواز چنچل، جذباتی اور بے حد ہمہ گیر تھی۔

اپنے طویل کیریئر کے دوران انہوں نے فلمی گانوں، غزلوں، قوالی اور کلاسیکی موسیقی سمیت 20 سے زائد زبانوں میں 12 ہزار سے زائد گانے ریکارڈ کیے اور ایک ہزار سے زیادہ بالی ووڈ فلموں کے لیے اپنی آواز دی۔ 

ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں 7  فلم فیئر ایوارڈز سمیت کئی قومی اعزازات سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

2011ء میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز نے انہیں دنیا کی سب سے زیادہ ریکارڈنگ کرنے والی گلوکارہ قرار دیا، جبکہ گلوکارہ کو 2000ء میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ اور 2008ء میں پدم وبھوشن جو بھارت کا دوسرا سب سے بڑا شہری ایوارڈ ہے سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید