• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آبنائے ہرمز کے معاملے میں چین نے ایران کی کھل کر حمایت کر دی

آبنائے ہرمز کے معاملے میں چین نے ایران کی کھل کر حمایت کر دی۔

چینی وزیرِ دفاع ایڈمرل ڈونگ جن نے کہا ہے کہ چین کے بحری جہاز آبنائے ہرمز کے آر پار آ جا رہے ہیں، ایران کے ساتھ چین کے تجارتی اور توانائی کے معاہدے ہیں، جن کا ہم احترام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دوسروں سے بھی توقع ہے کہ وہ ہمارے معاملات میں دخل اندازی نہ کریں، آبنائے ہرمز کو ایران کنٹرول کرتا ہے اور وہ ہمارے لیے کھلا ہے۔ 

چینی وزیرِ دفاع نے مزید کہا کہ ہمارا ملک دنیا میں امن و استحکام میں سنجیدہ ہے اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں۔

 دوسری جانب آبنائے ہرمز کے معاملے پر امریکا کی ممکنہ بحری ناکہ بندی کی دھمکی پر ترجمان چینی وزارتِ خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فریقین تحمل اور ضبط کا مظاہرہ کریں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اہم آبی راستے کو محفوظ، مستحکم اور بلا رکاوٹ رکھنا بین الاقوامی برادری کے مشترکہ مفاد میں ہے۔

ترجمان چینی وزارتِ خارجہ نے یہ بھی کہا ہے کہ چین توانائی کے تحفظ اور فراہمی کے لیے تمام فریقین کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید