پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء نے چیئرمین پی سی بی سے ملک میں لیگ شروع کرنے کی درخواست کی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان ویمن کرکٹ لیگ کی ایک عرصے سے منتظر ہیں۔
خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان نے کہا ہے کہ لیگ کے لیے پاکستان آ کر غیر ملکی کھلاڑی کھیلیں گی اور ہماری کھلاڑی بھی باہر جائیں گی، اس سے ویمن کرکٹ کو فائدہ ہو گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ اب تو ایشین ممالک میں بھی ویمن لیگز ہو رہی ہیں، ہماری کرکٹ بھی اوپر جا رہی ہے اس لیے لیگ ہونی چاہیے۔
فاطمہ ثناء کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل تیاریوں سے مطمئن ہیں، پہلی مرتبہ ہمیں ورلڈ کپ سے قبل بھر پور تیاری کا موقع مل رہا ہے، ورلڈ کپ سے قبل زمباوے کی ٹیم پاکستان آ رہی ہے پھر ہم نے آئر لینڈ کا دورہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹس بھی ملے ہیں جبکہ کیمپس بھی تواتر سے لگائے گئے ہیں، ہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ایک اچھے کمبی نیشن کے ساتھ جائیں گے اور اچھا پرفارم کریں گے۔
آل راؤنڈر فاطمہ ثناء کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک پلیئر میچ کا پانسہ پلٹ دیتا ہے، مدِمقابل کوئی بھی ٹیم ہو ہمیں ہر ٹیم کے خلاف اچھا کھیلنا ہے، کھلاڑیوں کو ایک ہی پیغام دیا ہے کہ نڈر ہو کرکٹ کھیلنا ہ،ے اٹیکنگ کھیل نظر آنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں سب نے دیکھا کہ اٹیکنگ کرکٹ ہوئی، ایک ٹیم نے 250 رنز بنائے تو ٹی ٹوئنٹی میں ہدف کے لیے تعاقب کے لیے دوسری ٹیم بھی گئی۔
کپتان خواتین ٹیم نے کہا ہے کہ میں کوشش کر رہی ہوں کہ کارکردگی میں تسلسل برقرار رہے، آل راؤنڈر کی حیثیت سے پاکستان ٹیم کو زیادہ سے زیادہ میچز جتوانا چاہتی ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میری کوشش ہے کہ ٹیم میں آل راؤنڈرز مزید آئیں، اس سے ٹیم کو فائدہ ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ فاطمہ ثناء لاہور میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں طوبیٰ حسن کے ساتھ مشترکہ طور پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائیں، انہوں نے 271 رنز بنائے اور 8 وکٹیں بھی حاصل کیں۔