• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طویل عمر تک گھٹنوں کی صحت محفوظ رکھنے کے آسان طریقے

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

گھٹنوں کا درد ہر عمر کے افراد میں عام ہوتا جا رہا ہے جس کی بڑی وجہ بدلتا طرزِ زندگی، کم جسمانی سرگرمی، وزن میں اضافہ اور کھیلوں کے دوران لگنے والی چوٹیں ہیں۔

گھٹنے روزمرہ زندگی کے تقریباً ہر کام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جیسے چلنا، سیڑھیاں چڑھنا اور ورزش کرنا، اس لیے ان کی حفاظت انتہائی ضروری ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق چند سادہ عادات اپنا کر گھٹنوں کو طویل عرصے تک صحت مند رکھا جا سکتا ہے۔

ماہرین کی تجویز کردہ اہم احتیاطی تدابیر:

1. وزن کو متوازن رکھیں

زیادہ وزن گھٹنوں پر اضافی دباؤ ڈالتا ہے، طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ 1 کلو اضافی وزن گھٹنوں پر 2 سے 3 گنا زیادہ دباؤ بڑھاتا ہے جس سے جوڑ جَلد خراب ہو سکتے ہیں۔

2. پٹھوں کو مضبوط بنائیں

گھٹنوں کے اردگرد کے پٹھوں کی مضبوطی بہت ضروری ہے۔

اسکواٹس، ٹانگ اٹھانے کی ورزش اور سائیکلنگ جیسے معمولات گھٹنوں کو سہارا دیتے ہیں اور چوٹ کے خطرے کو کم کرتے ہیں۔

3. مناسب جوتے استعمال کریں

آرام دہ اور نرم تلوے والے جوتوں کا استعمال کریں کیوں کہ یہ گھٹنوں پر کم دباؤ ڈالتے ہیں، خراب یا سخت جوتے درد اور سوجن کا سبب بن سکتے ہیں۔

4. اُٹھنے اور بیٹھنے کا درست طریقہ اپنائیں

غلط انداز میں بیٹھنا، کھڑا ہونا یا وزن اٹھانا گھٹنوں پر اضافی دباؤ ڈال سکتا ہے، سیدھی کمر اور درست پوزیشن اختیار کرنا ضروری ہے۔

5. متوازن غذا کا استعمال

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کیلشیئم اور وٹامن ڈی سے بھرپور غذا ہڈیوں کو مضبوط بناتی ہے جبکہ اومیگا 3 والی غذائیں جیسے مچھلی اور سبزیاں سوزش کم کرتی ہیں۔

6. معمولی چوٹ کو نظر انداز نہ کریں

ہلکی سوجن یا درد کو نظر انداز کرنا مستقبل میں بڑے مسئلے کا سبب بن سکتا ہے اس لیے بر وقت علاج ضروری ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ وزن میں کمی اور سادہ عادات اپنا کر ناصرف گھٹنوں کو محفوظ رکھا جا سکتا ہے بلکہ زندگی کے معیار کو بھی بہتر بنایا جا سکتا ہے۔


نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

صحت سے مزید