• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران سے مذاکرات میں پاکستان واحد ثالث ہے: ترجمان وائٹ ہاؤس

ایران اور امریکا جنگ بندی سے متعلق پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کو سراہتے ہیں، کیرولین لیویٹ - فوٹو: فائل
ایران اور امریکا جنگ بندی سے متعلق پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کو سراہتے ہیں، کیرولین لیویٹ - فوٹو: فائل

ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیویٹ نے کہا ہے کہ ایران سے مذاکرات میں پاکستان واحد ثالث ہے۔

وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیرولین لیویٹ کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا جنگ بندی سے متعلق پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کو سراہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ بات چیت نتیجہ خیز اور جاری ہے۔ مذاکرات کا اگلا مرحلہ ممکنہ طور پر اسلام آباد میں ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران سے مذاکرات میں پاکستان واحد ثالث ہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کی درخواست کی خبریں غلط ہیں۔

کیرولین لیویٹ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی مکمل طور پر نافذ کردی گئی ہے، ناکا بندی ایرانی بندرگاہوں سے روانہ ہونے والے تمام ممالک کے جہازوں کے خلاف کی گئی ہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ چینی صدر نے امریکی صدر ٹرمپ کو یقین دلایا کہ چین ایران کو ہتھیار فراہم نہیں کر رہا۔

خیال رہے کہ پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکا کے مابین مذاکرات کی کوششیں مزید تیز ہوگئی ہیں۔ دونوں مملک کے درمیان اسلام آباد میں بات چیت کا دوسرا دور آئندہ ہفتے ہونے کا امکان ہے۔ 

اسی سلسلے میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اہم سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔

خیال رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف 18 اپریل تک سعودی عرب کے بعد قطر اور ترکیہ کا بھی سرکاری دورہ کریں گے۔

ادھر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم سرکاری دورے پر ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کا دورۂ ایران جاری ثالثی کی کوششوں کا حصہ ہے۔ فیلڈ مارشل کے ہمراہ وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفد کے دیگر اراکین بھی تہران پہنچے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید