امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستانی قیادت خطے میں کشیدگی کم کرنے کےلیے مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔
اپنے بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سنجیدہ کوششوں میں مصروف ہیں۔
علم میں رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسلام آباد مذاکرات میں کردار ادا کرنے پر پاکستان کی قیادت خصوصاً وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کی تھی۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اسلام آباد ملاقات کے بارے میں وینس، وٹکوف اور کشنر نے مکمل آگاہ کر دیا، ملاقات مہربان اور باصلاحیت فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ہوئی، دونوں انتہائی غیر معمولی لوگ ہیں۔
خیال رہے کہ ایک روز قبل ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیویٹ نے کہا تھا کہ ایران سے مذاکرات میں پاکستان واحد ثالث ہے۔
وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیرولین لیویٹ کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا جنگ بندی سے متعلق پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کو سراہتے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکا کے مابین مذاکرات کی کوششیں مزید تیز ہوگئی ہیں۔ دونوں مملک کے درمیان اسلام آباد میں بات چیت کا دوسرا دور آئندہ ہفتے ہونے کا امکان ہے۔
اسی سلسلے میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے اہم سرکاری دوروں پر ہیں جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم سرکاری دورے پر ایران کے دارالحکومت تہران گئے۔