• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت بیشتر ملکوں سے کشیدہ تعلقات کیوجہ سے تنہائی کا شکار،لیاقت بلوچ

لاہور(نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بھارت نے خطے کے بیشتر ممالک کے ساتھ کشیدہ تعلقات اختیار کر رکھے ہیں، جس کے باعث وہ تنہائی کا شکار ہو رہا ہے۔ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں خطے کی صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے، تاہم پاکستان اپنی بہترین جغرافیائی محلِ وقوع کی بدولت نہ صرف خطے میں اہمیت اختیار کر چکا ہے بلکہ اسے اہم سفارتی کردار ادا کرنے کا موقع بھی ملا ہے۔ امن مذاکرات کے نتیجے میں عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں تاریخی اضافہ ہوا ہے، اور پوری قوم ان مذاکرات کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام ضلع پشاور اور ضلع چارسدہ کے کارکنان کے لیے منصورہ لاہور میں منعقد ہونے والے مرکزی سہ روزہ تربیتی اجتماع کے پشاور منتقل ہونے کے بعد صوبائی ہیڈکوارٹر مرکز اسلامی سردار گڑھی میں تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان اس وقت متعدد سیکیورٹی اور داخلی خطرات سے دوچار ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی دونوں ممالک کے امن کے لیے خطرہ ہے، جبکہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے، جسے فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔
لاہور سے مزید