لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پی پی 153 میں جاری ترقیاتی منصوبے پر پیش رفت بارے جائزہ اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں ایم سی ایل اور واسا کے افسران نے شرکت کی۔سابق رکن پنجاب اسمبلی وحید گل، سابق چیئرمین طارق اعوان، سابق چیئرمین چوہدری مقصود گجر، سابق چیئرمین حاجی اشرف اور سابق چیئرمین منظور بٹ نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں کوارڈی نیٹر عبدالوہاب ملک کے علاوہ ایکسیئن واسا سلمان مرزا، ایکسیئن ایم سی ایل عبدالوہاب، ایس ڈی او اور نیسپاک افسران نے بھی شرکت کی۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس میں پی پی 153 میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ترقیاتی منصوبوں میں ساڑھے 4 ارب روپے کی لاگت سے ہربنس پورہ تا پھاٹک صدر کینٹ ٹرنک سیوریج،1ارب10کروڑ روپے کی لاگت سے یوسی148کے آمنہ پارک میں ٹیوب ویلز، گلیوں کی مرمت، سیوریج اور صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگر منصوبہ جات شامل ہیں۔متعلقہ افسران نے بریفنگ دی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پی پی153میں مختلف ترقیاتی اسکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے جن کی تکمیل سے علاقہ مکینوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔صوبائی وزیر صحت نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی شفاف نگرانی جاری رکھی جا رہی ہے۔