• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممبئی ڈیٹا چوری اسکینڈل: زویا اختر اور ریما کاگتی کے دفتر سے 66 ہارڈ ڈسک غائب، ملازم گرفتار

---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

ممبئی کے علاقے باندرہ ویسٹ میں فلمساز زویا اختر اور ریما کاگتی کے پروڈکشن ہاؤس ’ٹائیگر بے بی ڈیجیٹل ایل ایل پی‘ سے بڑے پیمانے پر ڈیٹا چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق زویا اور ریما کے دفتر سے 66 ہائی کیپیسٹی ہارڈ ڈسک چوری ہوئی ہیں جبکہ پولیس نے کمپنی کے ایک ملازم کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق چوری شدہ ہارڈ ڈسک میں فلموں، ویب سیریز اور اشتہاری منصوبوں کا خفیہ اور غیر ریلیز شدہ مواد موجود تھا جس میں خام فوٹیج، ایڈیٹ شدہ ویڈیوز، پوسٹ پروڈکشن بیک اپ اور دیگر اہم ریکارڈز شامل تھے۔

یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب دفتر کے ملازمین روزمرہ کے کام کے لیے ایک مخصوص ہارڈ ڈسک تلاش نہ کر سکے، جانچ کے دوران معلوم ہوا کہ اصل ہارڈ ڈسک کی جگہ خالی اور خراب ڈبے رکھے گئے تھے۔

پولیس کے مطابق کمپنی کے پاس مجموعی طور پر 119 ہارڈ ڈسک موجود تھیں، جن میں سے 66 لاپتہ ہیں، یہ عام ڈرائیوز نہیں بلکہ 16 ٹی بی سے 72 ٹی بی تک کی اسٹوریج رکھنے والی مہنگی ڈسک تھیں۔ 

ہارڈ ویئر کی مالیت تقریباً 12 سے 13 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے جبکہ غیر ریلیز شدہ مواد لیک ہونے کی صورت میں کروڑوں روپے کے نقصان کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ گرفتار ملازم گزشتہ کئی برس سے کمپنی میں کام کر رہا تھا اور ہارڈ ڈسک کی نگرانی اس کی ذمے داری تھی، پولیس کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا ہے کہ اس نے 5 ماہ کے دوران یہ ڈسک چرائیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے کم از کم 24 ہارڈ ڈسک بورولی کے رہائشی رتیش نامی شخص کو 15000 سے 20000 روپے فی ڈسک کے حساب سے فروخت کیں، باقی ڈسک اب تک لاپتہ ہیں اور پولیس ان کی بازیابی کے لیے کارروائی کر رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈسک میں موجود آنے والے منصوبوں میں ’میڈ اِن ہیون‘، ’گھوسٹ اسٹوریز‘، ’نائیکا‘ اشتہاری مہم اور ’گاندھی منی‘ شامل ہے۔ 

بین الاقوامی خبریں سے مزید