وائٹ ہاؤس نے ایران سے متعلق میڈیا کے ذریعے سفارت کاری مسترد کر دی۔
وائٹ ہاؤس نے واضح کیا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ مذاکرات میڈیا کے ذریعے نہیں کرے گا اور اپنے مؤقف پر بدستور قائم ہے۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان اولیویا ویلز نے کہا ہے کہ امریکا پریس کے ذریعے مذاکرات نہیں کرے گا، ہم اپنی سرخ لکیروں کے بارے میں واضح ہیں اور صدر ٹرمپ صرف ایسا معاہدہ کریں گے جو امریکی عوام اور دنیا کے لیے بہتر ہو۔
ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی حکام ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور جنگ کے خاتمے سے متعلق تازہ تجویز کا جائزہ لے رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایران کی قیادت نے اپنے مذاکرات کاروں کو ملک کے جوہری پروگرام پر کسی قسم کی رعایت دینے کا اختیار نہیں دیا، جس کے باعث کسی مفاہمت یا وسیع تر امن معاہدے تک پہنچنے کی کوششیں مزید پیچیدہ ہو گئی ہیں۔