• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقتصادی ترقی کیلئے سرمایہ کاری کا فروغ اولین ترجیح ہے، شہباز شریف

تصویر، پی آئی ڈی
تصویر، پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں اقتصادی ترقی کےلیے سرمایہ کاری کے فروغ کو اولین ترجیح قرار دیا ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت سرمایہ کاری کے فروغ پر جائزہ اجلاس ہوا، شہباز شریف نے کہا کہ برآمدات بڑھانے کےلیے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کےلیے ریگولیٹری تعمیل پر عمل درآمد کو مزید آسان اور کم خرچ بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک میں اقتصادی ترقی کےلیے سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت اور سرمایہ کاروں کے درمیان رابطوں کو مضبوط کیا جائے۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ لائسنسنگ اور دیگر سروسز تک رسائی کے سارے نظام کی ڈیجیٹائزیشن کی رفتار تیز کی جائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام سے ملک میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ برآمدات بڑھانے کےلیے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

اجلاس کے شرکاء کو سرمایہ کاری میں اضافے کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ رواں مالی سال جولائی سے مارچ تک ملکی برآمدات میں خصوصی اقتصادی زونز کا حصہ 3 اعشاریہ 7 فیصد رہا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مالی سال 2028ء تک ملکی برآمدات میں خصوصی اکنامک زونز کاحصہ 8 فیصد تک لےجانے کا ہدف رکھا گیا، صوبوں کی مشاورت سے سرمایہ کاری کے فروغ کےلیے بزنس ریڈی ایکشن پلان تیار کیا جارہا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرمایہ کاروں کے لیےحکومتی اجازت ناموں کا حصول آسان بنانے کےلیے تمام سروسز ڈیجیٹائز کی جارہی ہیں، سروسز ڈیجیٹائز کے لئے پاکستان ریگولیٹری رجسٹری قائم کی جا رہی ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ملک میں اس وقت 21 خصوصی اقتصادی زونز آپریشنل ہیں، جون 2026ء تک یہ تعداد 26 ہوجائے گی، آسان کاروبار ایکٹ کے تحت سرخ فیتے کا خاتمہ ہوگا، ڈیجیٹل سروسز کی فراہمی سے سرمایہ کاری میں مزید سہولت فراہم ہوگی۔

قومی خبریں سے مزید