پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف سیاحت کے فروغ میں ذاتی طور پر دلچسپی لے رہی ہیں اور آئندہ برسوں میں ٹورازم پنجاب کی معیشت کی بحالی کا ایک مضبوط ذریعہ بن جائے گا۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کا سفر گزشتہ سال شروع کیا گیا تھا اور حکومت اس شعبے کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
مریم اورنگزیب کے مطابق پنجاب کا ٹورازم سیکٹر تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور لاہور جلد سیاحت کے حوالے سے ایک مضبوط مرکز کے طور پر ابھرے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب ٹورازم اتھارٹی قائم کی گئی ہے جو اس شعبے کی منظم ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ ٹیکسلا، ہڑپہ اور بھیرہ کو ٹورازم ہیریٹیج کا درجہ دیا گیا ہے تاکہ ان تاریخی مقامات کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کروایا جا سکے۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کو مری سے خصوصی محبت ہے جس کے باعث مری پر خاص توجہ دی جا رہی ہے تاکہ اسے مزید بہتر سیاحتی مقام بنایا جا سکے۔