وزیرِ اعظم شہباز شریف سے یورپی یونین کے سینئر حکام اور معروف یورپی کمپنیوں کے کاروباری نمائندوں کے وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت یورپی کمیشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹرنیشنل پارٹنر شپس کے ڈائریکٹر نے کی۔
وزیرِ اعظم نے یورپی یونین پاکستان بزنس فورم میں وفد کی شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر اور برآمدات کی سب سے بڑی منڈی ہے۔
اُنہوں نے فورم کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب پاکستان اور یورپ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت یورپی یونین کے ساتھ تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گی۔
اِنہوں نے علاقائی چیلنجز کے باوجود معیشت کے استحکام کے لیے حکومتی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔
وزیرِ اعظم نے یورپی یونین کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا کے ساتھ حالیہ ٹیلی فونک رابطے کا بھی ذکر کیا۔
یورپی یونین کے وفد نے خطے میں امن کے لیے وزیرِ اعظم کے کردار کو سراہا اور بزنس فورم کے کامیاب انعقاد پر حکومتِ پاکستان کی تعریف کی۔
وفد کے اراکین نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے اپنے تجربات بھی شیئر کیے اور توانائی، مواصلات، آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں کاروباری روابط بڑھانے کے وسیع امکانات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، وزیرِ تجارت جام کمال خان، وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور معاونینِ خصوصی طارق فاطمی و ہارون اختر خان بھی شریک تھے۔