مکہ مکرمہ میں قائم ’میوزیم آف قرآن‘ میں ایک انتہائی نادر اور منفرد ڈیزائن میں تیار کیا ہوا قرآن پاک نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
منفرد ڈیزائن کے اس قرآن پاک کو 13 ویں صدی ہجری (19 ویں صدی عیسوی) میں برصغیر میں تیار کیا گیا تھا، جہاں اس دور میں خطاطی، آرائش اور جلد سازی کا فن اپنے عروج پر تھا۔
قرآنِ کریم کا یہ نسخہ ’میوزیم آف قرآن‘ میں اپنے اوکٹاگونل ڈیزائن اور برِصغیر سے وابستہ اپنی قدیم تاریخ کی وجہ سے زائرین اور محققین کی خصوصی توجہ کا خاص مرکز بن گیا ہے۔
اس نسخے کو روایتی چوکور نسخوں کے برعکس اسے 8 رخی شکل میں تیار کیا گیا ہے جو اسلامی فن اور جیومیٹرک آرٹ کا حسین امتزاج ہے۔
قرآن کے اس نسخے کو منفرد ڈیزائن میں تیار کرتے ہوئے اس کی خوبصورتی اور عملی سہولت دونوں کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔
اس نسخے کا سائز بہت چھوٹا ہے اور یہ اس زمرے میں آتا ہے جسے قدیم دور میں ’حمائل‘ کہا جاتا تھا، اسے چھوٹے سائز میں تیار کرنے کا مقصد یہ تھا کہ سفر کے دوران اسے آسانی سے ساتھ رکھا جا سکے یا بازو پر باندھا جا سکے۔
قرآن پاک کا یہ قیمتی نسخہ ’کنگ فیصل سینٹر فار ریسرچ اینڈ اسلامک اسٹڈیز‘ کے مجموعے کا حصہ ہے، یہ ادارہ بین الاقوامی سطح پر جدید سائنسی تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے نایاب اسلامی نسخوں کو محفوظ رکھنے کے لیے مشہور ہے۔
یہ نمائش جبل النور کے قریب واقع ’حرا کلچرل ڈسٹرکٹ‘ کے وسیع تر مشن کے ساتھ بھی منسلک ہے۔
اس مرکز کا مقصد مکہ مکرمہ کو اسلامی ثقافت کے عالمی مرکز کے طور پر پیش کرنا اور زائرین کو قرآنی تحریر کے تاریخی ارتقاء کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔