• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جتھے لے کر آنا اور نظام سے ٹکرانا حل نہیں، سلمان اکرم راجہ

سلمان اکرام راجہ : فائل فوٹو
سلمان اکرام راجہ : فائل فوٹو 

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرام راجہ کا کہنا ہے کہ جتھے لے کر آنا اور نظام سے ٹکرانا حل نہیں، ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

راولپنڈی میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ سلمان صفدر نے عدالت کو آج بتایا بانی پی ٹی آئی کی 85 فیصد بینائی متاثر ہوئی ہے، بانی پی ٹی آئی نے سلمان صفدر کو بتایا کہ انہیں 22 گھنٹے قید تنہائی میں رکھا جاتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ملاقات کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے لارجر بینچ کا فیصلہ موجود ہے، اکتوبر سے ہماری ملاقاتیں بند ہیں، ہم یہاں آتے ہیں پولیس روکتی ہے سڑک بند کر دیتے ہیں، آج عدالت میں سلمان صفدر نے یہی باتیں چیف جسٹس کے سامنے رکھیں۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہم بار بار درخواست کرتے ہیں ہماری اپیلیں سنی جائیں، بشریٰ بی بی کو رات کی تاریکی میں الشفاء آئی اسپتال لے جاکر سرجری کی گئی، ہم بار بار عدالتوں میں جاتے ہیں ان سے درخواست کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جس جماعت کا لیڈر 3 سال سےجیل میں ہو اضطراب کی صورتحال پیدا ہونا فطری بات ہے، ہم دیکھ رہے ہیں پارٹی میں کون کہاں کھڑا ہے، بانی پی ٹی آئی کا حکم ہے محمود اچکزئی اور علامہ ناصر کو فالو کریں، بانی پی ٹی آئی نے وکلاء سے کوئی ناراضی کا اظہار نہیں کیا ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جتھے لیکر آنا اور نظام سے ٹکرانا حل نہیں، ہم سب کو ساتھ لیکر چلیں گے،  آج سے ہم اس بات پر غور کریں گے اور ان لوگوں کے نام شائع کریں گے جو اڈیالاجیل نہیں آتے۔

قومی خبریں سے مزید