چین کے صوبے ہنان کے شہر لیویانگ میں آتش بازی بنانے والی فیکٹری میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 26 افراد ہلاک اور 61 زخمی ہو گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 40 منٹ پر پیش آیا، دھماکے کے بعد سے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں جبکہ کئی افراد کے لاپتہ ہونے کا بھی خدشہ ہے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ذمے داران کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے اور لاپتہ افراد کی تلاش تیز کرنے پر زور دیا ہے۔
حکام کے مطابق 482 امدادی اہلکار موقع پر تعینات کیے گئے ہیں اور مزید دھماکوں کے خطرے کے پیشِ نظر قریبی علاقوں کو خالی کروا لیا گیا ہے۔
چین کے سرکاری ذرائع کے مطابق فیکٹری انتظامیہ کے ذمے دار شخص کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لیویانگ چین میں آتش بازی کی پیداوار کا بڑا مرکز ہے جہاں سے ملک کی تقریباً 70 فیصد برآمدات ہوتی ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 2019ء میں بھی اسی شہر میں 1 دھماکے میں 13 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوئے تھے۔