انٹرنیٹ راؤٹر کے بارے میں یہ بات تقریباََ سب نے ہی نوٹ کی ہو گی کہ اس ڈیوائس میں سبز بلب جلتے بجھتے رہتے ہیں۔
زیادہ تر لوگ راؤٹر کی ان جلتی بجھتی روشنیوں سے متعلق یہ جانتے ہیں کہ یہ روشنیاں ظاہر کرتی ہیں کہ راؤٹر آن ہے اور انٹرنیٹ صحیح چل رہا ہے۔
مگر ان جلتے بجھتے بلبوں کا مطلب صرف یہ بتانا نہیں کہ انٹرنیٹ صحیح چل رہا ہے بلکہ ان روشنیوں کی مدد سے آپ اپنے انٹرنیٹ کنکشن کے بارے میں سب کچھ جان سکتے ہیں۔
ضروری نہیں کہ ہر راؤٹر ایک جیسے انداز سے کام کرتا ہو، راؤٹر کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کرنے کے لیے سب سے پہلے آپ کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ ہر کمپنی کے راؤٹرز کا اپنا مختلف ڈیزائن ہوتا ہے اور پروگرامنگ پہلے سے طے شدہ ہوتی ہے۔
ہر راؤٹر کے بارے میں تمام تفصیلات اس کے مینوئل یا کمپنی کی ویب سائٹ پر موجود ہوتی ہے۔
حالانکہ ہر کمپنی کے راؤٹر کا ڈیزائن اور پروگرامنگ مختلف ہوتی ہے لیکن اس کے باوجود بھی زیادہ تر راؤٹرز ایک جیسے اصولوں پر کام کرتے ہیں، جیسے کہ جب کسی بھی راؤٹر کو آن کیا جاتا ہے تو ابتداء میں اس کی لائٹس آہستہ آہستہ جلنا بجھنا شروع ہو جاتی ہیں، جس کا مطلب ہوتا ہے کہ یہ ڈیوائس نیٹ ورک سے اپنا کنکشن قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
نیٹ ورک سے کنکشن جڑتے ہی روشنیوں کے جلنے بجھنے کی رفتار اور ان کے رنگ تبدیل ہو جاتے ہیں جس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ راؤٹر آن ہو گیا ہے۔
اگر روشنیاں بہت تیزی سے جل بجھ رہی ہوں تو ایسا اکثر ڈیٹا ٹرانسمیشن اور ٹریفک کی وجہ سے ہوتا ہے۔
راؤٹرز پر زیادہ تر صرف سبز رنگ کی روشنیوں کا استعمال کیا جاتا ہے لیکن کچھ راؤٹرز کی روشنیوں کے رنگ بدلتے بھی ہیں، جن راؤٹرز میں نصب ایل ای ڈی بلب کے رنگ بدلتے ہیں، ان میں سفید رنگ کی روشنیوں کا مطلب سبز رنگ جیسا ہی ہوتا ہے، سرخ یا نارنجی رنگ کسی قسم کے مسئلے یا کنکشن کی ناکامی ظاہر کرتا ہے، پیلا رنگ لوڈنگ یا پراسیسنگ کی نشانی ہوتا ہے جب کہ نیلا رنگ بلیو ٹوتھ کنکشن ایکٹیو ہونے کا عندیہ دیتا ہے۔