• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممتا بنر جی کا استعفے سے انکار، گورنر مغربی بنگال نے اسمبلی تحلیل کردی

ممتا بینرجی - فوٹو: فائل
ممتا بینرجی - فوٹو: فائل

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے مستعفی ہونے سے انکار کے بعد ریاست کے گورنر آر این روی نے ریاستی اسمبلی تحلیل کردی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسمبلی کی مدت جمعرات کی رات ختم ہونا تھی، تاہم راج بھون (ریاستی گورنر ہاؤس) نے بدھ کو جاری خط عام معلومات کے لیے شائع کیا۔

خط میں کہا گیا کہ ’آئینِ ہند کے آرٹیکل 174 کے تحت مجھے حاصل اختیارات کے مطابق میں مغربی بنگال کی قانون ساز اسمبلی کو 7 مئی 2026 سے تحلیل کرتا ہوں۔‘

بھارتی آئین کے مطابق اسمبلی اپنی پانچ سالہ مدت پوری ہونے پر تحلیل ہو جاتی ہے اور موجودہ کابینہ نگران حیثیت میں کام جاری رکھ سکتی ہے لیکن اس بار انتخابی نتائج پر تنازع اور ممتا بنرجی کے استعفیٰ سے انکار نے صورتحال کو غیر معمولی بنا دیا۔

حالیہ ریاستی انتخابات میں انتہا پسند نظریہ رکھنے والی حکمراں جماعت بی جے پی نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے اور ہفتے کو نئی کابینہ کی حلف برداری متوقع ہے۔

دوسری جانب ممتا بنرجی نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کا مینڈیٹ ’لوٹ‘ کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا، ’میں نہیں ہاری، اس لیے استعفیٰ نہیں دوں گی۔‘

ترنمول کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ وہ انتخابی نتائج کو عدالت میں چیلنج کرے گی۔ بی جے پی رہنماؤں نے ممتا کی برطرفی کا مطالبہ کیا ہے، جو صرف گورنر کے فیصلے سے ممکن ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید