فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی پاکستانی نژاد برطانوی سیاستدان اور کنزرویٹو پارٹی کی کونسلر عالیہ افضل خان نے لندن بورو آف ہیمراسمتھ اینڈ فلہم کے 2026ء کے بلدیاتی انتخابات میں ایک بار پھر شاندار کامیابی حاصل کر لی، اُنہوں نے پیلس اینڈ ہرلنگھم وارڈ سے پہلے سے بھی زیادہ اکثریت کے ساتھ اپنی نشست کا دفاع کیا۔
ان کی اس کامیابی پر برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سمیت فیصل آباد کے عوام نے بھی خوشی اور فخر کا اظہار کیا ہے جہاں ان کے خاندان کو عرصۂ دراز سے سیاسی، تعلیمی اور سماجی خدمات کے حوالے سے نمایاں مقام حاصل ہے۔
عالیہ افضل خان لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کر چکی ہیں اور برطانیہ کی مقامی سیاست میں ابھرتی ہوئی پاکستانی شخصیات میں شمار ہوتی ہیں، وہ کنزرویٹو پارٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے کمیونٹی سروس، تعلیمی بہتری اور عوامی روابط کے ذریعے اپنی مضبوط سیاسی شناخت بنا چکی ہیں۔
عالیہ افضل خان سابق وزیرِ مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل خان مرحوم کی صاحبزادی ہیں جنہیں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمت کے حوالے سے یاد کیا جاتا ہے، ان کی والدہ نجمہ افضل خان پنجاب اسمبلی کی سابق رکن رہ چکی ہیں اور اس وقت صوبہ پنجاب میں محتسب برائے خواتین کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
قریبی ذرائع کے مطابق عالیہ افضل خان کو عوامی خدمت کا جذبہ اپنے والدین سے ورثے میں ملا ہے، بچپن سے ہی وہ اپنے خاندان کو عوامی خدمت میں مصروف دیکھتی رہی ہیں اور آج وہ اسی مشن کو برطانیہ میں آگے بڑھا رہی ہیں۔
سیاسی ذمے داریوں کے ساتھ ساتھ وہ برطانیہ میں سیکنڈری اسکول کی سطح پر ریاضی اور کمپیوٹر سائنس کی ٹیچر بھی ہیں۔
اس کے علاوہ وہ بچوں کی فلاح و بہبود، تعلیمی منصوبوں، کارپوریٹ پیرنٹنگ بورڈ اور مقامی لائسنسنگ کمیٹیوں میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
ان کی کامیابی کو بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے ناصرف فیصل آباد بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی شہری دنیا بھر میں سیاست، تعلیم اور عوامی خدمت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔