معرکہ حق میں کامیابی کا سال مکمل ہونے پر پنجاب اسمبلی میں قرار داد پیش کی گئی۔ یہ قرار داد حکومتی رکن اور صوبائی وزیر میاں مجتبٰی شجاع الرحمان نے پیش کی۔
قرار داد کے متن کے مطابق ایوان مسلح افواج اور دیگر دفاعی اداروں کو مبارکباد پیش کرتا ہے، ایوان معرکہ حق کے شہدا کو خراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
قرار داد کے متن کے مطابق ایوان ہم آواز، یکجا اور مسلح افواج کے ہم قدم نظر آنے پر قوم کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہے، کامیابی مسلح افواج کی بہادری کے ساتھ قومی اتفاق اور یگانگت کی مرہون منت ہے۔
قرار داد کے متن کے مطابق قوم نے اس موقع پر ون نیشن ون وائس ایک قوم، ایک آواز کا شاندار عملی مظاہرہ کیا، مسلح افواج کی اس شاندار فتح نے دشمن کا غرور خاک میں ملا کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
قرار داد کے مطابق بھارت نے بزدلانہ حملہ کر کے اس غیور قوم کو للکارا تھا، حملے میں خواتین اور بچوں سمیت معصوم شہریوں کے ساتھ مساجد، مدارس اور آبی ذخائر کو نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی جارحیت نے نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کو شدید خطرے سے دو چار کر دیا تھا۔
قرار داد کے متن کے مطابق بزدل اور مکار دشمن کو اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ اس کا مقابلہ سیسہ پلائی دیوار سے ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج قوم کی توقعات اور اعتماد پر پورا اتریں۔