لندن، رپورٹ-آصف ڈار: برطانیہ اور یورپ بھر میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و خروش، عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس مرتبہ برٹش پاکستانی کمیونٹی کے لیے خوشی کی ایک خاص وجہ یہ بھی تھی کہ پاکستان میں بھی آج ہی عید منائی گئی، جس پر کمیونٹی کی جانب سے مسرت کا اظہار کیا گیا۔
لندن سمیت برطانیہ کے مختلف شہروں میں مسلمانوں نے دن کا آغاز مساجد اور عید گاہوں میں نمازِ عید ادا کرکے کیا۔
لندن میں سب سے بڑا اجتماع ریجنٹس پارک مسجد میں منعقد ہوا، جہاں ہزاروں فرزندانِ اسلام نے نمازِ عید ادا کی۔ اس کے علاوہ ولزڈن گرین، والتھم اسٹو، ٹوٹنگ، کرائیڈن، مچم اور دیگر علاقوں کی مساجد میں بھی عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔
علماء کرام نے اپنے خطبات میں عالمِ اسلام کو درپیش چیلنجز، عالمی امن، فلسطین، ایران، پاکستان اور دیگر مسلم ممالک میں امن و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر برطانوی مسلمانوں نے سنتِ ابراہیمیؑ پر عمل کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر قربانی کا اہتمام کیا جبکہ گھروں اور کمیونٹی مراکز میں عید کی خوشیاں منائی گئیں۔
برٹش پاکستانی کمیونٹی نے اس موقع پر دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ پاکستان کو دہشت گردی سے محفوظ رکھے اور دنیا بھر میں قیامِ امن کے لیے اس کی کوششوں کو کامیاب کرے۔