گوگل کے ایک ملازم کو خفیہ سرچ ڈیٹا استعمال کرکے کرپٹو بیٹنگ پلیٹ فارم پر 11.5 کروڑ روپے کمانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق 36 سالہ اطالوی شہری مشیلے سپاگنولو نے گوگل کی اندرونی معلومات استعمال کرتے ہوئے پولی مارکیٹ پر شرطیں لگائیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم 2014ء سے گوگل کے زیورخ دفتر میں کام کر رہا تھا اور اس نے 2025ء میں سب سے زیادہ سرچ ہونے والی شخصیت کے بارے میں خفیہ معلومات حاصل کر کے بیٹنگ کی۔
مشیلے سپاگنولو نے امریکی گلوکار ڈی فور وی ڈی (D4vd) کے سب سے زیادہ سرچ ہونے کی درست پیشگوئی کی حالانکہ اس وقت مارکیٹ میں اس کے امکانات نہ ہونے کے برابر تھے۔
ڈی فور وی ڈی پر 14 سالہ لڑکی کے قتل کا الزام بھی عائد ہے جس کے باعث اس کا نام عالمی خبروں میں نمایاں رہا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم نے گوگل کے خفیہ اور تجارتی اہمیت کے حامل ڈیٹا کا غلط استعمال کیا اور اسی بنیاد پر لاکھوں ڈالرز کمائے۔
گوگل کے ترجمان نے کہا ہے کہ کمپنی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کر رہی ہے جبکہ ملازم کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل امریکی اسپیشل فورسز کے ایک اہلکار پر بھی خفیہ معلومات کی بنیاد پر پولی مارکیٹ میں شرطیں لگا کر 400000 ڈالرز کمانے کا الزام سامنے آ چکا ہے۔