مسلم لیگ ن فرانس و یورپ کے رہنما سردار ظہور اقبال نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند ہیں کیونکہ 28 مئی یوم تکبیر وطن عزیز پاکستان کی تاریخ میں ایک عظیم دن ہے۔
انھوں نے کہا میاں نواز شریف نے تمام تر عالمی دباؤ اور دھمکیوں کے باوجود جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 28 مئی 1998 کو پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کا اعلان کر کے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا موثر جواب دیا تھا۔
میڈیا سے کفتگو کرتے ہوئے سردار ظہور اقبال نے کہا پاکستان نے ثابت کیا کہ ہم دفاعی صلاحیت سے غافل نہیں۔ یومِ تکبیر مملکت پاکستان کے مضبوط دفاع کی گواہی دیتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایٹمی پروگرام کے تمام معماروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ جن میں ذوالفقار علی بھٹو، نواز شریف ڈاکٹر عبدالقدیر اور ثمر مبارک مند شامل ہیں، سائنسدانوں، انجینئرز، افواج پاکستان اور کارکنان کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہمارے ایٹمی پروگرام کے معماروں کو بھارت کے جنگی جنون اور توسیع پسندانہ سوچ کا مکمل اندازہ تھا، ان اکابرین نے بروقت فیصلہ کرکے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔ گذشتہ برس مئی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ہماری مسلح افواج نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں بہادری اور جرات سے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔
انھوں نے کہا اب یومِ تکبیر خود داری، اتحاد اور دفاعی عزم کی علامت ہے، اگر ایٹمی قوت نہ بنتے تو دشمن ہر حد پار کرسکتا تھا، ایٹمی حصار اور مسلح افواج دشمن کے راستے کی رکاوٹ ہیں، دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر اپنا عزم ثابت کیا۔
انہوں نے کہا کہ بنیان مرصوص فیلڈ مارشل عاصم منیرکی زیر قیادت پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے، ایئر چیف ظہیر احمد بابر اور نیول چیف نوید اشرف نے شاندار کارکردگی دکھائی، دنیا کو بتایا کہ ہمارے عزائم جارحانہ نہیں، دفاع کا حق محفوظ ہے۔