نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی نے کہا ہے کہ 3 ماہ قبل ایک ایسی جنگ شروع کی گئی جس کے حق میں کسی نے ووٹ نہیں دیا، مگر اس کی قیمت عوام ادا کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ہزاروں شہری اس جنگ میں جانیں گنوا چکے ہیں جبکہ 13 امریکی فوجی اہلکار کبھی اپنے خاندانوں کے پاس واپس نہیں لوٹ سکیں گے۔
میئر نیویارک سٹی نے کہا کہ جنگ کے باعث امریکا میں پیٹرول اور اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ کانگریس کی منظوری کے بغیر شروع کی گئی اس جنگ نے عوام کے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک ضائع ہونے والی ہر جان اور یہاں عوام پر پڑنے والا ہر مالی بوجھ ایک ہی غیر ذمےدار جنگ کی قیمت ہے، جو ان لوگوں نے عوام پر مسلط کی جو خود کبھی اس کی قیمت ادا نہیں کریں گے۔
نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پہلے دن سے اور آج بھی اس جنگ کے خلاف ہوں، یہ جنگ ختم ہونی چاہیے۔