• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیلس: اوک کلف کے اپارٹمنٹ کمپلیکس میں گیس دھماکے سے آگ لگ گئی، 3 افراد ہلاک

—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

امریکی شہر ڈیلس کے علاقے اوک کلف میں واقع اپارٹمنٹ کمپلیکس میں گیس دھماکے سے آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مرنے والوں میں 2 خواتین اور 1 بچہ شامل ہے جبکہ 3 زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے 1 کی حالت تشویش ناک ہے۔

حکام کے مطابق 2 دیگر افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں جنہوں نے خود اسپتال پہنچ کر علاج کروایا۔

ڈپٹی فائر چیف مارک ڈی بیری نے میڈیا کو بتایا ہے کہ امدادی آپریشن اب ریکوری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور امکان ہے کہ یہ کارروائیاں مزید 2 سے 4 گھنٹے یا اس سے بھی زیادہ وقت تک جاری رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ملبہ ہٹانے کے عمل کے دوران عمارت کی مکمل تلاشی لی جائے گی تاکہ یہ یقین دہانی کی جا سکے کہ کوئی متاثرہ شخص یا ثبوت نظر انداز نہ ہو۔

ڈیلس فائر ریسکیو کے ترجمان جیسن ایونز کا کہنا ہے کہ عملہ پوری رات کام جاری رکھے گا اور عمارت کے ہر حصے کی مکمل چھان بین کی جائے گی۔

اسسٹنٹ فائر چیف جیمز رس نے بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے تاہم فائر فائٹرز اب بھی جائے وقوع پر موجود ہیں اور ابتدائی سرچ آپریشن جاری ہے۔

دریں اثناء قدرتی گیس فراہم کرنے والی کمپنی ایٹموس اینرجی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فائر ڈیپارٹمنٹ نے دوپہر 12 بج کر 51 منٹ پر اطلاع دی تھی کہ 409 ایسٹ نائنتھ اسٹریٹ کے قریب تعمیراتی عملے نے، جس کا کمپنی سے کوئی تعلق نہیں تھا، زیرِ زمین گیس پائپ لائن کو نقصان پہنچایا جس کے بعد گیس لیکیج اور دھماکے کا واقعہ پیش آیا۔

کمپنی کے مطابق اس کے ماہرین امدادی اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں جبکہ متاثرہ علاقے میں گیس کی فراہمی فوری طور پر بند کر دی گئی ہے۔

ڈیلس کے میئر ایرک ایل جانسن نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے متاثرہ خاندانوں اور امدادی اہلکاروں کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید