مری اور کوٹلی ستیاں کے علاقوں میں آگ کے تینوں واقعات پرقابو پالیا گیا۔ محکمہ جنگلات، ریسکیو، فائر بریگیڈ، پولیس، پیرا فورس اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ آپریشن کیا۔
ڈپٹی کمشنر مری کے زیر انتظام گزارا جنگل میں پرائیویٹ لینڈ پر لگی آگ پر قابو پالیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ جنگلات کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق نجی ملکیتی اراضی پر آگ انسانی غفلت سے لگی۔
ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو پیش کر دی گئی۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق 25 مئی کو چینٹ لہتراڑ کے جنگل میں آگ لگی، 27 اور 28 مئی کی شب بلاوڑہ فاریسٹ جبکہ 29 مئی کو گاؤں بدنیاں کے گزارا جنگل میں آگ لگی۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق لہتراڑ کے قریب آگ لگنے پر قریب ترین موجود ذرائع بروئے کار لائے گئے، مرکزی کنٹرول روم مری کو بھی فوری اطلاع دی گئی۔
ابتدائی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ شدت اور پھیلاؤ کی وجہ سے آگ بجھانے میں مشکلات کاسامنا کرنا پڑا، بعض مقامات پر آگ بجھانے کے بعد دوبارہ آگ بھڑک اٹھی۔
مزید بتایا گیا کہ گرمی کی شدید لہر اور انسانی غفلت سے آگ لگی اور اس میں پھیلاؤ آیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی ستیاں تیمور عادل فوری موقع پر پہنچے اور انھوں نے دیگر اداروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق محکمہ جنگلات، ریسکیو 1122 اور پولیس نے مشترکا کارروائی میں آگ پر قابو پایا، چینٹ لہتراڑ گُزارہ جنگل میں آگ دوبارہ بھڑک اٹھی جسے بجھا دیا گیا۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق آگ سے متاثرہ جنگل کے کچھ حصے میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔ متعلقہ محکموں کے افسران اور عملہ متاثرہ علاقوں میں مسلسل ڈیوٹی دے رہا ہے، آگ کے نتیجے میں جھاڑیوں کے ساتھ درخت بھی متاثر ہوئے، آگ سے تقریباً 35 ایکڑ رقبہ متاثر ہوا۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق مری سے فائر بریگیڈ کی 2 مزید گاڑیاں بھی بھجوا دی گئی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اہل علاقہ کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کی حکمت عملی تیار کی جائے۔