• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ و پیپلز پارٹی ایک سکے کے دو رخ ہیں: اسد قیصر

رہنما تحریک انصاف اسد قیصر —فائل فوٹو
رہنما تحریک انصاف اسد قیصر —فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی ایک سکے کے دو رخ ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تحریک تحفظ آئین میں شامل جماعتوں کے سیاسی لیڈرز اسد قیصر، مصطفی نواز کھوکھر اور سینیٹر فوزیہ ارشد نے پریس کانفرنس کی۔

تحریکِ انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ میں گلگت بلتستان کے الیکشن کے لیے اسکردو روانگی کے لیے ایئر پورٹ جا رہا تھا تو سڑک بند تھی، میں سمجھا سیکیورٹی کی وجہ سے راستہ بند ہے، بعد میں مجھے پتہ چلا کہ سڑک میری وجہ سے بند تھا۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو گلگت بلتستان جا رہے ہیں، امیر مقام گلگت بلتستان میں ہیں اور دیگر پارٹیز کے لوگ الیکشن مہم کے لیے گلگت بلتستان جا رہے ہیں۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ آپ گلگت بلتستان کے الیکشن کو متنازع بنا رہے ہیں، اس طرح الیکشن کرنا ہے تو پھر سلیکشن کر لیں پیسہ الیکشن پر خرچ نہ کریں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہماری حکومت آئی تو گلگت بلتستان کو سیاحتی مقام بنائیں گے۔

مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ امیدوار کو الیکشن مہم کا حق نہ ہو تو اس سے بہتر ہے آپ الیکشن نہ کرائیں، آپ الیکشن پر پیسہ نہ خرچ کریں بلکہ فارم 47 پکڑا دیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی افہام و تفہیم اس صورتِ حال سے نکلنے کا واحد راستہ ہے اور ایک نیا میثاق ہو جس پر سیاسی جماعتوں کا اتفاقِ رائے ہو۔

مصطفیٰ نواز کھوکر نے یہ بھی کہا کہ جب وزیرِاعظم نے مذاکرات کی آفر کی تو تحریکِ تحفظِ آئین نے اسے قبول کیا تھا، ان کا خیال تھا کہ اپوزیشن شرائط لگائے گی جبکہ ہم نے وزیرِاعظم کی آفر قبول کی، اب وزیرِ اعظم آفر کر کے 2 ماہ سے غائب ہیں۔

قومی خبریں سے مزید