مانچسٹر ایئر پورٹ پر پولیس افسران پر حملہ کرنے کے الزام میں مقدمے کا سامنا کرنے والے 2 پاکستانی نژاد بھائیوں محمد فہیر عماز اور محمد عماد کو کراؤن کورٹ کی جیوری نے بے گناہ قرار دیتے ہوئے بری کر دیا۔
قبل ازیں محمد فہیر عماز کو دو پولیس افسران سمیت تین افراد پر حملہ کرنے کا مجرم قرا ر دیا گیا تھا مگر جیوری انہیں گناہ گار ماننے کے فیصلے تک پہنچنے میں ناکام رہی۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق مقدمے کی سماعت کرنے والے جج نیل فلیویٹ کے سی نے فیصلے میں کہا ہے کہ استغاثہ دونوں بھائیوں پر عائد الزامات ثابت کرنے کے لیے ٹھوس ثبوت پیش کرنے سے قاصر رہا ہے لہٰذا عماز اور عماد کو الزامات سے بری کیا جا رہا ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ 23 جولائی 2024ء کو مانچسٹر ایئر پورٹ پر ہونے والے تصادم کے بعد ایک موبائل فوٹیج انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔
واضح رہے کہ دونوں بھائی راچڈیل میں رہائش پزیر ہیں اور پاکستان سے قطر ایئر ویز کی پرواز کے ذریعے آنے والی اپنی والدہ کو لینے ایئر پورٹ پہنچے تھے۔