بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال میں 2 ماہ کی حاملہ خاتون توئشا شرما کی پر اسرار طور پر ہلاکت کے کیس میں نیا موڑ آیا ہے، آنجہانی خاتون کی ساس نے بہو پر نشہ آور اشیاء کے استعمال کا الزام لگایا اور موت کی وجہ اسقاط حمل کی گولیاں کھانا قرار دیا ہے۔
توئشا شرما کی پراسرار موت کے معاملے پر ان کی ساس اور ریٹائرڈ جج گیری بالا سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ توئشا نے خاندان کے اعتراضات کے باوجود یہ گولیاں استعمال کی تھیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے گیری بالا سنگھ نے کہا کہ توئشا نے اپنے شوہر سمارتھ سنگھ کو فون پر بتایا تھا کہ انہوں نے اسقاط حمل کی گولیاں لی ہیں، جبکہ اس وقت سمارتھ عدالت میں موجود تھے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ توئشا بچہ نہیں چاہتی تھیں اور 7 مئی کو انہوں نے یہ گولیاں استعمال کیں۔ ساس کے مطابق خاندان کے لیے پہلا بچہ بہت اہم ہوتا ہے، لیکن توئشا نے کبھی اس حوالے سے خوشی کا موقع نہیں دیا۔
خیال رہے کہ 31 سالہ توئشا شرما 12 مئی کو بھوپال کے علاقے کٹارا ہلز میں اپنے سسرال میں پھندے سے لٹکی ہوئی پائی گئی تھیں۔ توئشا کے اہلخانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں جہیز کے لیے ہراساں کیا جاتا تھا اور قتل کیا گیا۔
گیری بالا سنگھ نے کہا کہ توئشا اور سمارتھ سنگھ نے اپنی مرضی سے شادی کی تھی۔ ان کے مطابق دونوں کی ملاقات 2024 میں ایک ڈیٹنگ ایپ کے ذریعے ہوئی تھی جبکہ شادی دسمبر 2025 میں ہوئی۔
ساس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ توئشا زیرِ علاج تھیں اور انہیں ڈاکٹر ستیہ کانت تریویدی کی جانب سے ادویات تجویز کی گئی تھیں، تاہم وہ باقاعدگی سے دوائیں استعمال نہیں کرتی تھیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ توئشا نے خود بھاری مقدار میں چرس استعمال کرنے کا اعتراف کیا تھا۔
دوسری جانب توئشا کے خاندان نے ان تمام دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے سسرال والوں پر قتل، جہیز ہراسانی اور شواہد مٹانے کے الزامات عائد کیے ہیں۔
پولیس کے مطابق کیس کی تحقیقات کے لیے 6 رکنی خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ سمارتھ سنگھ اور ان کی والدہ کے خلاف ہراسانی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
بھوپال کی عدالت گیری بالا سنگھ کی عبوری ضمانت منظور کرچکی ہے جبکہ سمارتھ سنگھ کی عبوری ضمانت مسترد ہونے کے بعد پولیس ان کی تلاش میں ہے۔
دوسری جانب توئشا شرما کی پراسرار موت کے کیس میں سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج نے تحقیقات میں ایک نیا موڑ پیدا کردیا ہے۔
فوٹیج میں توئشا کو بھوپال کے علاقے کٹارا ہلز میں واقع اپنے گھر کی چھت کی جانب جاتے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ تقریباً ایک گھنٹے بعد ان کے شوہر سمارتھ سنگھ اور دو دیگر افراد کو ان کی لاش سیڑھیوں سے نیچے لاتے ہوئے دیکھا گیا۔
فوٹیج میں مبینہ طور پر توئشا کو سی پی آر دینے کی کوششیں بھی نظر آتی ہیں۔ تاہم توئشا کے اہلخانہ نے پولیس کو بتایا ہے کہ سی سی ٹی وی سسٹم کے وقت اور تاریخ میں خرابی تھی اور ویڈیو دراصل 12 مئی کی ہے، نہ کہ 10 مئی کی۔
پراسرار طور پر ہلاک ہونے والی توئشا شرما ایم بی اے گریجویٹ تھیں اور مارکیٹنگ و کمیونیکیشن کے شعبے میں کام کرتی رہی تھیں۔ وہ فلموں سے بھی وابستہ رہیں اور سابق ’مس پونے‘ رہ چکی تھیں، انہوں نے ایک فلم مگورو مونگولو میں بھی کام کیا تھا جبکہ خود کو یوگا ٹرینر بھی قرار دیتی تھیں۔