انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے حالیہ سیزن میں قابلِ ذکر پرفارمنس دینے والے 15 سالہ نوجوان کرکٹر ویبھو سوریاونشی نے اپنی شاندار بیٹنگ سے سب کو حیران کر دیا۔
انہوں نے ٹورنامنٹ کے 16 میچز میں 776 رنز بنائے، جس کے بعد انہیں بھارتی کرکٹ ٹیم میں شامل کرنے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔
اب بالی ووڈ کے معروف فلم ساز شیکھر کپور نے بھی اس نوجوان کے ٹیلنٹ کی تعریف کی ہے۔
شیکھر کپور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر لکھا، ’’اگر سوریاونشی اتنے شاندار کرکٹر نہ ہوتے، تو میں انہیں اپنی فلم ’معصوم‘ میں کاسٹ کر لیتا۔‘‘
یاد رہے کہ ’معصوم‘ 1983 میں ریلیز ہونے والی شیکھر کپور کی ایک کلاسک اور شہرہ آفاق فلم ہے، جس کا ایک نیا اور جدید ورژن حال ہی میں بنانے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کی موسیقی اے آر رحمان ترتیب دے رہے ہیں۔
سوریاونشی نے محض 14 سال کی عمر میں آئی پی ایل میں ڈیبیو کر کے تاریخ کے سب سے کم عمر کھلاڑی ہونے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔
واضح رہے کہ ویبھو سوریا ونشی کو ستمبر میں ہونے والے ایشین گیمز کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کے 30 ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی شامل کر لیا گیا ہے۔