ایرانی چیف مذاکرات کار اور اسپیکر محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ بحری ناکہ بندی اور لبنان میں جنگی جرائم میں اضافہ ثبوت ہے کہ امریکا جنگ بندی پر عمل نہیں کر رہا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ہر انتخاب کی ایک قیمت ہوتی ہے اور اس کی قیمت چکانا پڑتی ہے۔
دوسری جانب ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکی جارحانہ کارروائی جنگ بندی کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ امریکی جارحیت حملے کے لیے استعمال ہونے والے مقامات پر ایرانی جوابی کارروائی کا سبب بنی۔
اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ غیر قانونی حملوں کے لیے استعمال ہونے والے اڈوں، عسکری وسائل کو نشانہ بنانا حقِ دفاع ہے، ریاستوں کی ذمے داری ہے کہ وہ اپنی سر زمین یا وسائل دوسرے ممالک پر حملے کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔
ان کا کہنا ہے کہ لبنان میں صہیونی حکومت کے جرائم کا ذمے دار امریکا ہے، اعتماد کا فقدان، لبنان میں امریکی اوراسرائیلی اقدامات کی مسلسل تبدیلیاں سفارتی عمل میں تاخیر کا سبب ہیں، لبنان میں جنگ بندی امریکا کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے کسی بھی معاہدے کا لازمی حصہ ہے۔