• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈونلڈ ٹرمپ نے شدید تنقید کے بعد 1.8 بلین ڈالرز کا متنازع ’اینٹی ویپنائزیشن‘ فنڈ معطل کر دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ---فائل فوٹو
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ---فائل فوٹو 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 1.8 ارب ڈالرز کے متنازع ’اینٹی ویپنائزیشن فنڈ‘ کو شدید سیاسی اور قانونی دباؤ کے بعد عارضی طور پر معطل کر دیا۔ 

امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ کا یہ فیصلہ کانگریس میں ریپبلکن اور ڈیموکریٹ دونوں جماعتوں کی مخالفت کے بعد سامنے آیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق یہ فنڈ گزشتہ ماہ محکمۂ محصولات کے ساتھ ہونے والے ایک تصفیے کے تحت قائم کیا جانا تھا جس کا مقصد مبینہ طور پر حکومتی اختیارات کے غلط استعمال اور سیاسی انتقام کا شکار افراد کو مالی معاونت فراہم کرنا تھا۔

فنڈ کے ناقدین کا کہنا ہے کہ اس رقم سے ٹرمپ کے سیاسی اتحادیوں اور 6 جنوری 2021ء کے کیپیٹل ہل حملے میں ملوث افراد کو فائدہ پہنچ سکتا ہے، اس معاملے پر متعدد مقدمات بھی دائر کیے گئے ہیں جبکہ ایک وفاقی جج نے فنڈ کے قیام پر عارضی پابندی عائد کر رکھی ہے۔

ریپبلکن رہنماؤں سمیت کئی سینیٹرز نے بھی اس منصوبے پر اعتراضات اٹھائے اور اسے مفادات کے ٹکراؤ کی مثال قرار دیا ہے۔

دوسری جانب ڈیموکریٹ رہنماؤں نے صرف معطلی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس منصوبے کو مستقل طور پر قانون کے ذریعے ختم کیا جائے۔

عرب میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس نے تاحال باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے تاہم محکمۂ انصاف نے عدالتی حکم پر عمل کرتے ہوئے فنڈ کو روکنے کی تصدیق کی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید