امریکی ریاست آئیووا میں خاندانی تنازع کے نتیجے میں فائرنگ کے واقعات میں 7 افراد ہلاک ہو گئے جن میں مبینہ حملہ آور بھی شامل ہے۔
آئیووا کے شہر مسکاٹین کی پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعات 2 گھروں اور 1 کاروباری مقام پر پیش آئے، پہلے واقعے میں پارک ایونیو پر واقع 1 گھر سے 4 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں جن کی موت گولی لگنے سے ہوئی۔
تحقیقات کے دوران پولیس نے 52 سالہ مشتبہ شخص ریان ولس میک فارلینڈ کی شناخت کی جو واقعے کے بعد فرار ہو گیا تھا، بعد ازاں اسے ایک پل کے قریب خود کو گولی مار کر خودکشی کرتے ہوئے پایا گیا۔
مزید تفتیش میں 1 اور گھر اور 1 کاروباری مقام سے 2 مزید افراد کی لاشیں ملیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق تمام مقتولین خودکشی کرنے والے شخص کے خاندان سے تعلق رکھتے تھے اور واقعے کی وجہ گھریلو یا خاندانی تنازع معلوم ہوتی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام نے تاحال مقتولین کے نام اور عمروں سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کیں جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔