ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کے ترجمان جنرل سردار محبی نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے دوران ایران کی عسکری اور آپریشنل صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوا ہے اور مسلح افواج پہلے کے مقابلے میں زیادہ مضبوط اور تیار ہیں۔
ایک موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنرل سردار محبی نے کہا کہ آج ہماری مسلح افواج ماضی کے مقابلے میں بہتر صورتِ حال میں ہیں اور دفاعی تیاریوں کے حوالے سے مزید مضبوط ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی اور جنگی صورتِ حال سے ایرانی افواج کو دشمن کی حکمتِ عملی، صلاحیتوں اور آپریشنل انداز کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملا۔
ترجمان کے مطابق اس جنگ کا ایک اہم نتیجہ یہ نکلا کہ ہماری مسلح افواج کے دشمن کے بارے میں آپریشنل معلومات اور تجربے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
جنرل محبی نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر مخالف فریق دوبارہ عسکری محاذ پر آتا ہے تو ایران کا ردعمل ماضی سے مختلف ہو گا۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر دشمن دوبارہ جنگی میدان میں آیا تو آپریشن کی نوعیت، جنگ کا جغرافیہ اور استعمال ہونے والے ہتھیار بھی مختلف ہوں گے۔
جنرل محبی نے یہ بھی کہا کہ پاسدارانِ انقلاب تمام ممکنہ حالات اور خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی ممکنہ جارحیت کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔