بھارتی دارالحکومت دہلی کے ایک ہوٹل میں لگنے والی خوفناک آگ کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 40 سے زائد افراد کو عمارت سے بحفاظت نکال لیا گیا ہے، جبکہ کئی افراد عمارت سے کود کر جان بچانے کی کوشش میں زخمی ہوئے۔
مقامی انتظامیہ کے افسر جیتندر کمار کے مطابق ابتدائی اطلاعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر ایک ریسٹورنٹ کام کر رہا تھا اور غالب امکان ہے کہ آگ کا آغاز وہیں سے ہوا ہو۔
حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ آتشزدگی کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔
بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔
انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔