برطانیہ میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے بعد محکمہ موسمیات کی طرف سے بیشتر مقامات پر درجہ حرارت میں کمی اورخوشگوار موسم کی نوید سنا دی گئی۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کے دوران ہیٹ ویو کا سلسلہ جاری رہا، لندن میں منگل کے روز درجہ حرارت35.1 سینٹی گریڈ کا نیا ریکارڈ قائم ہوا۔
تاہم گزشتہ روز ٹھنڈی ہوائیں چلنے کی بدولت درجہ حرارت میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے جو اب 24 سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور بارشوں کے بعد اس کے 15 سے 20 سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
جون کے ابتدائی ایام کے دوران درجہ حرارت مسلسل کم رہے گا، آج سے ملک کے بعض حصوں میں بارشوں کا سلسلہ بھی شروع ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم موسم غیر مستحکم رہے گا مگر مغربی علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہو گی۔
بعض مقاما ت پر تیز بارش اور دھوپ سے ملے جلے موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ جنوبی اور مشرقی انگلینڈ میں کاشتکاروں کی طرف سے بارشوں کا خیر مقدم کیا جائے گا کیونکہ یہاں چند ماہ سے موسم مسلسل خشک رہا ہے۔
یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ انگلینڈ اور ویلز میں بہت زیادہ درجہ حرارت کی وجہ سے ہیٹ ویو کی صورتحال کے پیش نظر ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے امبر اور ییلو ہیٹ الرٹ جاری کیے گئے۔