• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجٹ: سرامک ٹائلز، شیشے کی درآمد پر ڈیوٹیز میں کمی پر صنعتیں مکمل بند ہونے کا خدشہ

سرامک ٹائلز اور شیشہ سازی کی ایسوسی ایشنز نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان کو خطوط لکھ دیے اور کہا کہ ان اشیاء کی درآمد پر ڈیوٹیز میں مزید کمی کی گئی تو یہ صنعتیں مکمل طور پر بند ہوجائیں  گی، موجودہ معاشی حالات اور پالیسی مسائل کے باعث پہلے ہی دونوں صنعتیں 50 فیصد بند ہو چکی ہیں۔

پاکستان کی سیرامک ٹائلز اور شیشہ سازی کی صنعتوں نے نیشنل ٹیرف پالیسی 30-2025 کے تحت درآمدی ڈیوٹیز میں مزید کمی کی تجویز پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر مقامی صنعت کو مناسب تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو دونوں شعبے مکمل بندش کے خطرے سے دوچار ہوسکتے ہیں۔

آل پاکستان سرامک ٹائلز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور پاکستان گلاس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کو الگ الگ خطوط میں بتایا ہے کہ موجودہ معاشی حالات اور پالیسی مسائل کے باعث دونوں صنعتیں اپنی مجموعی پیداواری صلاحیت کے صرف 50 فیصد پر کام کر رہی ہیں جبکہ باقی 50 فیصد پیداواری یونٹس بند ہو چکے ہیں۔

سرامک ٹائلز صنعت کے سیکریٹری جنرل عاطف اقبال نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ درآمدی ڈیوٹیز میں مزید کمی سے سستی درآمدی ٹائلز کی آمد میں اضافہ ہوگا جس کا مقابلہ مقامی صنعت کے لیے ممکن نہیں رہے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اس کے نتیجے میں پاکستان کی سیرامک ٹائلز صنعت مکمل بندش کی طرف جا سکتی ہے، جس سے بڑے پیمانے پر روزگار اور معیشت متاثر ہوگی۔

دوسری جانب پاکستان گلاس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل داؤد الرشید نے کہا کہ شیشے کی درآمدات پر ڈیوٹیوں میں مزید کمی سے مقامی گلاس انڈسٹری شدید دباؤ کا شکار ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ شیشہ سازی کی صنعت پہلے ہی نصف پیداواری صلاحیت تک محدود ہوچکی ہے اور مزید درآمدی سہولتوں سے مقامی سرمایہ کاری، روزگار اور معیشت کو بھاری نقصان پہنچے گا۔

قومی خبریں سے مزید