لاہور(کر ائم رپو رٹرسے)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر پنجاب پولیس کے افسران و اہلکار پاکستان آسٹریلیا انٹرنیشنل ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ کے موقع پر قذافی سٹیڈیم لاہور، ٹیموں کی قیام گاہوں، روٹس اور دیگر متعلقہ مقامات پر بھرپور سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے لیے تیار ہیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ٹیموں، میچ آفیشلز اور شائقینِ کرکٹ کی سکیورٹی جبکہ سی ٹی او لاہور ٹریفک انتظامات کو مؤثر اور مکمل بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں، شائقینِ کرکٹ اور شہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ میچ کے دوران ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، ٹریفک پولیس سمیت 8 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی و ٹریفک ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ٹیموں کے روٹس، قیام گاہوں اور قذافی سٹیڈیم کے اطراف حفاظتی انتظامات مزید سخت کئے جائیں۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ تمام پولیس افسران اور جوان الرٹ رہیں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شائقین کرکٹ کو تین درجاتی سکیورٹی حصار اور مکمل چیکنگ کے بعد ہی سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی جائے۔