لاہور(خبرنگار)پنجاب یونیورسٹی کے ٹرانسپورٹ ونگ کے ملازمین کو لے جانے والی بس بالاکوٹ کے قریب حادثے کا شکار ہو کر کھائی میں جا گری، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ 16 ملازمین زخمی ہوگئے۔ پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق بس میں ٹرانسپورٹ ونگ کے 19 ملازمین سوار تھے جو ذاتی دورے پر ناران کاغان گئے ہوئے تھے۔ واپسی کے دوران بالاکوٹ کے قریب سامنے سے آنے والی ایک گاڑی کو بچانے کی کوشش میں سڑک پر پھسلن کے باعث بس بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری۔ ترجمان کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 16 ملازمین زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال مانسہرہ منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد اور علاج کے بعد تمام زخمیوں کو ڈسچارج کر دیا گیا۔ ڈرائیور کے بیان کے مطابق حادثہ سامنے سے آنے والی گاڑی کو بچانے کی کوشش کے دوران سڑک پر پھسلن کے باعث پیش آیا۔ پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان نے بتایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ حادثے میں زخمی ہونے والے ملازمین کی مکمل نگہداشت اور معاونت کو یقینی بنا رہی ہے۔