امریکا کی ایک نئی تحقیق میں دلچسپ انکشاف ہوا ہے کہ اسمارٹ فون کی وجہ سے شرح پیدائش میں کمی آئی۔
امریکا کے نیشنل بیورو آف اکنامک ریسرچ کی حالیہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ 2007ء سے اب تک امریکا میں بچوں کی پیدائش کی شرح میں 22 فیصد کمی آئی ہے۔
یہاں اس بات کا ذکر کرنا اہم ہے کہ پہلا آئی فون 2007ء متعارف کروایا گیا اور تحقیق میں آئی فون یا اسمارٹ فونز کو شرح پیدائش میں کمی کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔
اس لیے حالیہ تحقیق یہ جاننے کے لیے کی گئی کہ آئی فون کے متعارف ہونے کے بعد اسمارٹ فونز کے استعمال کے شرحِ پیدائش پر کیا اثرات مرتب ہوئے؟
2011ء تک آئی فون صرف ایک امریکی موبائل نیٹ ورک میں دستیاب تھے اس لیے متعدد علاقوں میں ان کا استعمال نہیں ہو رہا تھا مگر اس دوران جہاں یہ آئی فون دستیاب تھے وہاں 15 سے 24 سال کی عمر کی خواتین کے ہاں بچوں کی پیدائش میں 4 سے 8 فیصد تک کمی آئی اور 24 سال سے زائد عمر کی خواتین کے ہاں بچوں کی پیدائش میں معمولی کمی آئی۔
اس حوالے سے محققین کا یہ بھی کہنا ہے کہ محض آئی فون کو ہی شرح پیدائش میں کمی کی واحد وجہ نہیں قرار دیا جاسکتا مگر یہ تحقیق کے نتائج میں یہ بات واضح ہے کہ 2007ء میں اسمارٹ فون کی آمد کے بعد سے امریکا میں بچوں کی پیدائش کی شرح میں کمی آئی ہے کیونکہ اسمارٹ فون کی وجہ سے لوگوں کا ایک دوسرے سے ملنا جلنا کم ہو گیا۔
اسی طرح امریکا کی سنسناٹی یونیورسٹی کی ایک اور تحقیق کے نتائج میں بھی عالمی سطح پر اسمارٹ فون کا اسی طرح کا ملتا جلتا اثر سامنے آیا۔
اس تحقیق میں دنیا کے 128 ممالک میں اسمارٹ فون کے استعمال سے شرح پیدائش پر پڑنے والے اثر کا تجزیہ کیا گیا اور نتائج میں یہ انکشاف ہوا کہ اسمارٹ فون کی بڑے پیمانے پر دستیابی کے بعد شرح پیدائش میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔
محققین نے اسے ’مشترکہ عالمی ٹیکنالوجی شاک‘ قرار دیا ہے، کیونکہ اس کی وجہ سے عالمی سطح پر امیر اور غریب دونوں طرح کے ممالک میں شرح پیدائش میں کمی آئی جس کے بعد دنیا میں معمر افراد کی تعداد میں اضافہ ہوگیا، افرادی قوت کم ہوگئی اور سوشل سیکیورٹی سسٹمز پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔
واضح رہے کہ ماہرین امریکا میں شرح پیدائش میں کمی کو کافی عرصے تک 2008ء کے عالمی اقتصادی بحران سے منسلک کرتے رہے، کیونکہ اس دوران کروڑوں افراد کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا مگر جب معیشت دوبارہ بحال ہوئی تو بھی ملک میں شرح پیدائش معمول پر نہیں آئی۔
امریکا میں شرح پیدائش میں کمی کی دیگر وجوہات میں مانع حمل مصنوعات کے استعمال میں اضافہ، خواتین کی شرح خواندگی میں اضافہ اور گھر یا بچوں کی نگہداشت کے اخراجات وغیرہ قابل ذکر ہیں۔