ملتان (سٹاف رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گُل محمد زاہد نے جنوبی پنجاب میں محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر بلا تعطل بجلی فراہمی یقینی بنانے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔ انہوں نے ریجن کے تمام آپریشن سرکلوں کے سپریٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ انتظامی کمیٹیوں کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے محرم الحرام کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی کے لئے جامع انتظامات مکمل کریں۔ تمام آپریشن ڈویژنوں اور سب ڈویژنوں میں مجالس، امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس کی نشاندہی کرکے ان علاقوں کو خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ آپریشن ڈویژنوں کے ایگزیکٹو انجینئرزاپنے اپنے ڈویژن میں بجلی کی فراہمی کی نگرانی کے ذمہ دار ہوں گے جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ رابطے کے لئے فوکل پرسن بھی مقرر کئے جائیں۔