ملتان (سٹاف رپورٹر) آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن (آکٹا) نے اوگرا سے مطالبہ کیا ہے کہ بڑھتے ہوئے آپریشنل اخراجات کے پیش نظر ٹینکرز کے کرایوں میں فوری اضافہ کیا جائے، وائٹ آئل کی ترسیل کے لیے پائپ لائن اور ٹینکرز کے لوڈنگ کوٹہ کی تفصیلات بروقت اور شفاف انداز میں فراہم کی جائیں۔ یہ مطالبہ ایسوسی ایشن کے نائب صدر گل محمد ماما نے فنانس سیکریٹری ملک قیصر، سردار یاسر خان کھیتران، ملک اسماعیل پپو اور ملک غلام شبیر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا کرایوں کے تعین کا قانونی مجاز ادارہ ہے، تاہم 2023 کے بعد 2025 میں معمولی اضافے کی بات ضرور کی گئی مگر اب تک کرایوں میں کوئی مؤثر اضافہ نہیں کیا گیا۔ اوگرا حکام سے متعدد ملاقاتوں کے باوجود اس حوالے سے کوئی مثبت پیش رفت سامنے نہیں آئی جس پر ٹینکر مالکان میں تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران ٹائروں اور سپیئر پارٹس کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے، ٹول ٹیکس میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، مگر ٹینکرز کے کرایے پُرانے نرخوں پر برقرار ہیں، جس سے ٹرانسپورٹرز شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔