• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صبر و تحمل سے مہنگائی کا مقابلہ کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، وزیر اعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف۔فوٹو: فائل
وزیراعظم شہباز شریف۔فوٹو: فائل

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو سال میں تمام تر معاشی چیلنجز کے باوجود بہتر بجٹ پیش کرنے کی کوشش کی، ہمیں عام آدمی کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے، صبر و تحمل سے مہنگائی کا مقابلہ کرنے پر پاکستان کے 24 کروڑ عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے دوران حکومت کی شبانہ روز کاوشوں سے مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ پر آگئی، پالیسی ریٹ بھی 22.5 فیصد سے کم ہوکر 11فیصد پر آیا، پاکستان کے معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں، تمام معاشی چیلنجز کے باوجود ہماری معیشت آج مستحکم ہے، توقع ہے کہ تیسرا بجٹ ہماری معیشت کو مزید تیزی سے آگے لے کرجائے گا، ہمیں سولر، ونڈ اور بیٹری اسٹوریج جیسے توانائی ذرائع پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان معاشی اہداف کے حوالے سے مثبت گفتگو ہوئی، قومی ہم آہنگی اور موثر تعاون سے چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے، وفاق کے ساتھ بھرپور تعاون پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا مشکور ہوں، قائد محمد نواز شریف کی وفاق اور پنجاب میں ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی وحدت، یکجہتی اور اتحاد کا اس سے بہتر مظاہرہ نہیں ہوسکتا، وفاقی حکومت کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے صوبوں سے مشاورت میں بھرپور کردار ادا کیا، صدر آصف زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مثبت کردار ادا کیا، بجٹ کی تیاری میں تعاون پر حلیف جماعتوں کا بھی شکر گزار ہوں، آج ہماری حکومت تیسرا وفاقی بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ نے بھی وفاق کے ساتھ تعاون کیا، ہماری ٹیم نے آئی ایم ایف کے ساتھ شبانہ روز محنت کرکے معاشی استحکام کیلئے کام کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایم ڈی آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی کارکردگی کی ستائش کی، چین کے حالیہ دورے میں سی پیک فیز 2  پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، دونوں اطراف سے چار نکات پر بھرپورتوجہ دینے پر اتفاق ہوا، آج وفاقی کابینہ کا ایک نکاتی ایجنڈا وفاقی بجٹ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ روز ہیلی کاپٹر حادثے میں شہیدہونے والے جوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی، شہید ہونے والوں میں پاک فوج کے افسران، جوان اور دو مسیحی بھائی بھی شامل تھے، شہداء کے ورثاء سے بھی ملے، ہیلی کاپٹر حادثے کے دلخراش واقعہ نے ہر آنکھ کو نم کر دیا، مجھے یقین ہے کہ یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بالآخر دہشتگردی کا خاتمہ ہو کر رہے گا۔

قومی خبریں سے مزید