• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پُرامن محرم الحرام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، سلمان رفیق

 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا ساہیوال میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر و کو چیئرمین بلال یاسین اور صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے اجلاس میں شرکت کی۔ وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ اور ساہیوال ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ کمیٹی نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل اور آر پی او محمد ایاز سلیم نے تفصیلی اس موقع پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ساہیوال ڈویژن میں 1749 مجالس اور 461 جلوس کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ 70 ذاکرین و مقررین کی ضلع بندی اور 64 کی زباں بندی کے احکامات بھی جاری کئے جا چکے ہیں۔ پولیس کے ہمراہ فوج کی 6 اور رینجرز کی 6 کمپنیاں بھی ڈیوٹی پر تعینات ہوں گی۔ ساہیوال ڈویژن میں 71 افراد کو فورتھ شیڈول میں رکھا گیا ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب میں پُرامن محرم الحرام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔
لاہور سے مزید