• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب یونیورسٹی، زندہ شخصیات پر PHD کرنے یا مقالہ تحریر کرنے پر پابندی

لاہور(رب نوازخان)پنجاب یونیورسٹی نے زندہ شخصیات پر پی ایچ ڈی کرنے یا پی ایچ ڈی کا مقالہ تحریر کرنے پر پابندی عائد کر دی۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے نئی پالیسی کے تحت فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ کسی بھی زندہ معروف یا ممتاز شخصیت پر عام طور پر پی ایچ ڈی تحقیق یا تھیسس تحریر نہیں کیا جا سکے گا۔ پنجاب یونیورسٹی کے ڈپٹی رجسٹرار (اکیڈمک) کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ (ASRB) کے حالیہ اجلاس میں اس معاملے کا جائزہ لینے کے بعد یہ پالیسی فیصلہ کیا گیا۔ مراسلے کے مطابق مستقبل میں یونیورسٹی کے اسکالرز زندہ شخصیات پر پی ایچ ڈی تحقیق نہیں کر سکیں گے۔ تاہم پالیسی میں ایک استثنا بھی رکھا گیا ہے، جس کے تحت حکومتِ پاکستان کی جانب سے سول اعزاز حاصل کرنے والی زندہ شخصیات پر پی ایچ ڈی تحقیق کی اجازت دی جا سکتی ہے، بشرطیکہ متعلقہ ڈیپارٹمنٹل پی ایچ ڈی کمیٹی (DDPC) کے ذریعے ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ (ASRB) سے پیشگی منظوری حاصل کی جائے۔ اس منظوری کے بعد ہی متعلقہ ریسرچ یا سینوپسس پر کارروائی کی جا سکے گی۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے تمام فیکلٹیز کے ڈینز اور تدریسی شعبہ جات کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس پالیسی فیصلے پر اس کی اصل روح اور متن کے مطابق سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔
لاہور سے مزید